اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران کی ضمانت قبل از گرفتاری درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں عمران خان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری غیر موثر ہونے پر نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس محسن اختر کیانی ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار کو دیکھیں گے۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔ درخواست گزار وکیل نے کہاکہ عمران نے ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ پھر تو یہ کیس غیر موثر ہو گیا، وکیل نے کہاکہ دو پوائنٹ عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں پھر عدالت فیصلہ کر دے۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں یہ معاملہ زیر التوا ہے، جسٹس محسن اختر نے ٹرائل کورٹس سے رپورٹ مانگی ہے۔ عدالت نے کہاکہ اسی قسم کے کیس میں شریک ملزم کا کیس زیر التوا ہے تو وہ معاملہ تو حل ہو جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ یہ معاملہ سپیشل جج سنٹرل نہیں بلکہ سپیشل جج بنکنگ کا میں نے کہا تھا، عدالت سے آرڈر کی درستگی کی استدعا ہے۔