• news

انٹر بنک : ڈالر 82پیسے ، سونا 750روپے تولہ مہنگا 


کراچی (نیٹ نیوز) روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بنک میں ڈالر کے بھاؤ میں مسلسل پانچویں روز اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز انٹر بنک میں ڈالر 82 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 219 روپے 71 پیسے رہا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ بھاؤ 226 روپے 20 پیسے ہو گیا۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ  49 ہزار 50 روپے ہو گئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 4 ڈالر کم ہو کر 1653 ڈالر فی اونس رہا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا دن رہا۔ 100 انڈیکس کاروباری دن میں 253 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا تاہم کاروبار کے اختتام پر 83 پوائنٹس اضافے سے 41839 پوائنٹس پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 19 کروڑ شیئرز کے سودے  5.80 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ارب روپے اضافے سے 6785 ارب روپے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن