• news

خاران : ایف سی کیمپ پر حملے میں ملوث 4مبینہ دہشتگرد ہلاک ، 2فرار 


کوئٹہ (بیورو رپورٹ) خاران میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں  4 مبینہ دہشتگرد ہلاک اور  2 دہشتگرد فرار ہو گئے، اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی بلو چستان کے مطابق حساس ادرے کو اطلاع ملی کہ کالعدم دہشتگردتنظیم بی ایل اے کے چند دہشتگردخاران کے گر د نواح میں پہنچ چکے ہیں‘ خاران میں ایک بڑی دہشتگردی کی کاروائی کر نے والے ہیں۔ مشترکہ انٹیلی جنس ٹیموں نے جاں فشانی سے کام کر تے ہوئے رات تک یہ معلوم کیا کہ یہ دہشتگرد گواش سور بڈو میں موجود ہیں انکی کل تعداد7ہے اور اس گر وپ کی قیادت دہشتگرداشفاق احمد عرف جمیل کر رہا ہے اور اسکے ساتھ 6 دہشتگرد مزید بھی موجودہیں۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے پر جیسے ہی پہنچے انہوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس پر فورسز نے حفاظتی خود اختیاری کا حق استعمال کر تے ہوئے احتیاط اور حکمت عملی کے تحت جوابی فائرنگ کی اس دوران دہشتگردوں نے ہینڈ گرنیڈ کا بھی استعمال کیا‘ فائرنگ تقریباً1گھنٹے تک جا ری رہی جس دوران 3دہشتگردبشمول اشفاق احمد عرف جمیل اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ جبکہ 4 دہشتگروں کی نعشیں موقع سے قبضے میں لے لی گئیں جس کی شناخت سلال احمد، شکر اللہ، وسیم سجاہ جبکہ چوتھے کی شناخت فرید کے نام سے ہو ئی ہے۔ 3 ایس ایم جیز 120رائونڈ ، 1نائن ایم ایم پستول 15رائونڈ، 1مار ٹرگن بمعہ 20مار ٹر گولہ 82ایم ایم ،10عدد دستی بم، بارودی مواد 15کلو 700گرام ، پرایئما کارڈ تار 42فٹ 5 انچ برآمد ہوئے۔ ترجمان کے مطابق واضح رہے کہ دہشتگرد اشفاق اور اکے دو ساتھی سلال احمد اور فرید 2فروری 2022کو نو شکی ایف سی کیمپ حملے میں ملوث رہے ہیں اس حملے میں استعمال ہو نے والی گاڑی سلال اور فرید نے وصول کی تھی جو کہ جمیل نے بھجوائی تھی‘ دہشتگرد اشفاق عرف جمیل بی ایل اے کمانڈر مشتاق کا بھائی ہے اور نوشکی کا رہائشی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن