شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ سے شاہ رخ جتوئی سمیت چا روں ملزم بری
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپر یم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان شاہ رخ جتوئی ، نواب سراج تالپور ،سجاد تالپور اور غلام مرتضی کو بری کردیا۔ اپیلوں پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربرا ہی میں تین رکنی بنچ نے کی دوران سماعت ملزموں کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ مقدمہ میں درج کی گئی دفعات میں 302,7ATA ہیں فریقین کے درمیان صلح کی وجہ سے302 پہلے ہی ختم ہو چکی ہے تاہم ہائیکورٹ نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت ملزمان کو عمر قید سنادی۔قتل کے واقعہ کو دہشتگردی کا رنگ دیا گیا ،ملزموں کا دہشت پھیلانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا دو فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا جس کا یہ نتیجہ نکلا دہشتگردی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بڑا واضح ہے اور اس فیصلے کی روح سے بھی دہشتگردی کی دفعات نہیں لگتی جس کے بعد سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ سز اکے خلاف اپیلیں منظور کی جاتیں ہیں اور ہائیکورٹ کا عمر قید کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج تالپور کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ نواب سجاد تالپور اور غلام مرتضی کو عمر قید سنائی گئی تھی ۔ملزموں نے عمر قید کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھی۔واضح رہے کہ25 دسمبر 2012 کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں ملزموں نے اپنی بہن کی شادی سے واپس آنے والے 20سالہ نوجوان شاہ زیب کو قتل کردیا تھا ۔