ڈینگی، سموگ کا تعلق براہ راست انسانی صحت سے ہے: چیف سیکرٹری
لاہور(نمائند ہ خصوصی)ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ ڈینگی اور سموگ کے مسئلوں کا تعلق براہ راست لوگوں کی صحت سے ہے، اس اہم معاملے پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منعقد کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ڈینگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب کے انسداد ڈینگی اقدامات کو قابل تقلید قرار دیا جاتا ہے، فیلڈ افسرن ڈینگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے گوجرانوالہ میں ڈینگی سٹاف کی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔