حافظ آباد: چاچا ٹی ٹونٹی کے کزن سمیت 2 مریض ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے جاں بحق
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد میں 2مریض ڈاکٹرز اور سٹاف کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ نیشنل فلیگ ہولڈر چاچا ٹی ٹونٹی (محمد زمان) کا ماموں زاد بھائی امانت ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل تھے۔ وہ یکے بعد دیگرے انتقال کرگئے تو ان کے ورثاء اور رشتہ داروں نے چاچا ٹی ٹونٹی کی قیادت میں ڈاکٹروں اور سٹاف کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر نعشیں رکھ کر ٹریفک کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے ڈاکٹروں اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مریض موت و حیات کی کشمکش میں تھے لیکن ڈاکٹرز اور سٹاف ٹک ٹاک میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اس پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی کوشش کی تو ہسپتال کے ملازمین اور سکیورٹی گارڈ نے انہیں دھکے دئیے۔ اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ اگر ڈاکٹرز اور سٹاف کی غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف ضرور کارروائی ہو گی۔ اے ایم ایس ڈاکٹر فائق تارڑ کا کہنا تھا کہ واقعہ فریقین کی عدم برداشت کی وجہ سے پیش آیا۔