• news

کپ امارات منتقل نہیں ہو گا ، بھارت سب کچھ نہیں ہم بھی ہیں : رمیز راجہ 


لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیر راجہ نے واضح کیا ہے کہ ایشیا کپ 2023ء یو اے ای منتقل نہیں کیا جائیگا ، سب کچھ بھارت نہیں کچھ ہم بھی ہیں ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ میں پاکستان آنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ردعمل سامنے آیا ہے ۔ ٹوئٹر پر رمیز راجہ کی ایک ورچوئل گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان سے صحافی نے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے پر انکار سے متعلق سوال کیا ۔صحافی نے سوال کیا کہ 2023ء کا ایشیا کپ کیا صرف بھارت کی وجہ سے یو اے ای منتقل کردیا جائے گا؟۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ایشیاکپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، آپ ہمت تو پکڑیں، اتنے منفی کیوں ہیں آپ بھائی صاحب ، سب کچھ انڈیا نہیں ہے کچھ ہم بھی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شا کے بیان کی مذمت کی ہے۔اگلے برس 2023میں ایشیاکپ کی میزبانی پاکستانی کو کرنی ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے بیان دیا ہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ کیلئے پاکستان کا دورہ نہیں کریگی جبکہ ایشیا کپ کے نیوٹرل ونیو پر بھی کرانے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ آئندہ سال ورلڈ کپ کیلئے گرین شرٹس کو پڑوسی ملک بھیجنے کے فیصلے پر بھی ازسرنو غور کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ میں ہونے والا فیصلہ سیکرٹری کے خود ہی کر لینے پر سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی معاملے پر ایشین کرکٹ کونسل کو خط لکھا ہے ۔خط ایشیا کپ کیلئے بھارتی ٹیم پاکستان نہ بھیجے جانے کے بیان پر لکھا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں سیکرٹری جے شا کے بیان کی مذمت کی ہے اور اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے خط میں بی سی سی آئی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سے وضاحت طلب کی ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل مجاز اتھارٹی ہے، بی سی سی آئی سیکرٹری کے بیان پر وضاحت مانگے، بطور اے سی سی رکن بھارت کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، امید ہے اے سی سی آئندہ سال پاکستان میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت کو یقینی بنائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن