• news

روایتی سیا سی اہداف نہیں ، حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی طرف بڑھ رہے ہیں : عمران 


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ استحکام اور ترقی کی جانب پیش قدمی کرتے پاکستان کو بیرونی سازش سے سیاسی و معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلا گیا، قوم نے سازش کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین پر شدید ردِعمل دیا۔ سوشل میڈیا ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میڈیا میں موجود آزاد اور غیرجانبدار آوازوں کو دبا کر ملک میں جبر کا سکوت طاری کرنے کی کوشش کی گئی۔ سوشل میڈیا نے خوف کے پردوں کو چاک، عوام کی آواز کو پہلے سے بڑھ کر پہنچا دی۔ سوشل میڈیا نے ابلاغ کو فسطائیت کے شکنجے سے آزاد کروا کر عوام کے سیاسی شعور میں اضافے اور پختگی کی راہ ہموار کی۔ آئین و قانون پامال کرکے اظہار کی آزادی کو سلب کرنا اب سیاسی طالع آزماؤں کیلئے ممکن نہیں رہا، ہمیشہ کیطرح لانگ مارچ میں بھی ہمارا سوشل میڈیا کلیدی کردار ادا کرے گا۔ عمران خان  نے کہا کہ روائتی سیاسی اہداف کے حصول کیلئے نہیں، قوم کی حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد  آفریدی نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔   ایوان بالا کے 74 سالہ رکن کی شرمناک انداز میں گرفتاری اور اس پر زیرحراست تشدد سے آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے سیاسی مخالفین کے خلاف زیرحراست تشدد دنیا میں پاکستان کی بدنامی کا ذریعہ بن رہا۔ مری‘ چکوال‘ تلہ گنگ‘ ہری پور‘ ایبٹ آباد اور مانسہرہ سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی‘ تنظیمی ذمہ داران   اور ٹکٹ ہولڈرز کی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی‘ ملکی سیاسی صورتحال‘ حقیقی  آزادی کی تحریک خصوصاً اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین عمران خان کی جانب سے قائدین اور ذمہ داران کولانگ مارچ کے حوالے سے خصوصی ہدایات دی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن