• news

چوروں کی غلامی سے موت بہتر، لانگ مارچ کا اعلان چند روز میں ، عمران 


سرگودھا‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کی غلامی سے موت بہتر ہے۔ چند روز میں لانگ مارچ کا اعلان کرنے لگا ہوں۔ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ ملک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ یہ سیاست نہیں حقیقی آزادی کا جہاد ہے کیونکہ اللہ نے حکم دیا کہ اچھائی کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہوں۔ عمران خان نے سرگودھا آمد پر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب کے زیراہتمام یونیورسٹی آف سرگودھا میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک پر بھی چور مسلط کر دیں قوم تباہ ہو جائے گی۔ جب وزیراعظم پیسے مانگتا ہے تو پورے ملک کی عزت ختم ہو جاتی ہے۔ باپ اور بیٹے کو 16 ارب کے کیس میں سزا ہونے والی تھی۔ جس اسحاق ڈار کا بیان ہے کہ میں شریف خاندان کے ڈالر باہر بھیجتا تھا اسے وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے۔ زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہتے تھے۔گورنر سندھ اور مولاجٹ میں کوئی فرق نہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بارے (ن) لیگ کا شیر علی کہتا کہ اس نے 18 قتل کئے ہوئے ہیں۔ سنگاپور میرے سامنے آزاد ہوا‘ ان کا پانی بھی ملیشیا سے آتا تھا۔ سنگاپور اور پاکستان میں فی کس آمدن برابر تھی تو لی کوان نے وہاں قانون برابر کر دیا۔ آج وہاں اوسط آمدن ساٹھ ہزار ڈالر سے زائد ہے جبکہ ہم اس سے کہیں پیچھے رہ گئے۔ ہمارا ملک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ میری قوم اگر آج حق اور سچ کے لیے نہیں کھڑی ہو گی تو وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے۔ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کہا میں وہ سب چاہتا ہوں۔ یہاں چھوٹا چور چوری کرے تو جیل میں‘ بڑا چور چوری کرے تو اسے این آر او دے دیا جائے۔ مشرف نے مجھے بھی جیل میں رکھا تھا وہاں پر سارے چھوٹے موٹے لوگ تھے‘ لیکن جب اسمبلی میں گیا تو سارے بڑے بڑے ڈاکو وہاں پر نظر آئے۔ عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب کوکس نے اجازت دی کہ سیاسی لیڈر کو طلبہ سے خطاب سے روکیں۔ گورنر پنجاب سے کہتا ہوں طلبہ ملک کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو نہ سنیں۔ میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں 3 بار خطاب کر چکا ہوں اور اب پھر دعوت ملی ہے۔ اگر لیڈر یونیورسٹی نہ آئیں تو طلبہ کی سیاسی تربیت کیسے ہو گی؟ یہاں تو مولانا فضل الرحمن بھی آ سکتے ہیں۔ قومیں پہلے اخلاقی  اور پھر معاشی طور پر مرتی ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت مخالف تحریک سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ برا وقت تب آتا ہے جب آپ ہار مان جاتے ہیں‘ لیکن آپ نے ہار نہیں ماننی۔ انہوں نے کہا کہ میں  نے آخری بال تک لڑنا سیکھا ہے۔  تحریک انصاف کے  نوجوان کارکن طلحہ شیخ کے قتل پر عمران خان کی جانب گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر طلحہ شیخ کی رحلت کا جان کر نہایت افسردہ ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن