تعلیمی اداروں کو انتشار کا میدان بنانے والے کو شرم آنی چاہئے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران نیازی چاہتے ہیں کہ عوام حق اور سچ کے ساتھ نہیں بلکہ بشری بی بی، فرح گوگی اور ان کی کرپشن کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اس فارن فنڈڈ فتنے، ڈاکو اور جھوٹے کے ملک پر مسلط ہونے سے ملکی معیشت تباہ ہوئی۔ تعلیمی اداروں کو انتشار کا میدان بنانے والے کو شرم آنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرگودھا یونیورسٹی میں خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے چار سال قانون کو یرغمال بنائے رکھا اور اپنے سیاسی مخالفین پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکے۔ مریم اورنگزیب او آئی سی وزیراطلاعات کانفرنس میں شرکت کیلئے جمعرات کو ترکی پہنچ گئیں۔ او آئی سی کی وزیراطلاعات کانفرنس کا 12 واں اجلاس 21 اور 22 اکتوبر کو ترکیہ کے شہر استنبول میں ہوگا۔ دو روزہ کانفرنس کا موضوع سچ کے دور کے بعد غلط معلومات اور اسلامو فوبیا سے نمٹنا ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسن ابراہیم طلحہ خطاب کریں گے۔