پلاٹوں کی غیر قانونی الائمنٹ‘ ریکارڈ میں ردوبدل‘ لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر بری
لاہور (خبر نگار) اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور ریکارڈ میں ردوبدل کر کے کم رجسٹری فیس ادا کرنے کے دو مقدمات میں لیگی رہنما سیف الملوک کھوکھر کو بری کر دیا۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج مشتاق الٰہی بنگی نے کیس پر سماعت کی، سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے راؤ مدثر ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ ملزم سیف الملوک کھوکھر کے وکیل نے بتایا کہ میرے موکل پر سیاسی انتقام کے لیے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے سیف الملوک کھوکھر، رجسٹری محرر راجہ ندیم احمد اور پٹواری افتخار کنول کے خلاف 2020ء میں مقدمہ درج کیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے سیف الملوک کھوکھر اور دیگر کے خلاف چالان جمع کرا رکھا ہے، عدالت مقدمہ خارج کر کے بری کرنے کا حکم دے، عدالت نے ملزموں کو دو مقدمات میں بری کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم سیف الملوک کھوکھر اور دیگر کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوئے۔