زرداری کی بر یت کیخلاف نیب اپیلیں واپس لینے کی استدعا منظور
اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس سردارا عجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈو یژن بنچ نے سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری کی 25سال پرانے کیسز میں بریت کیخلاف نیب اپیلیں واپس لینے کی نیب استدعا منظور کرلی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران نیب کی جانب سے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل جہانزیب بھروانہ عدالت پیش ہوئے اور نیب نے باضابطہ طور پر اپیلیں واپس لینے کی استدعا کر دی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ میرٹ کیمطابق تو آپ کے پاس کیس تھا ہی کچھ نہیں،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ہم نے اپیلیں واپس لینے کی درخواست کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا نیب نے کوئی انکوئری کی کیس کا ریکارڈ کہاں گیا تھا؟، آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج ہی ہونی تھیں۔ جسٹس سرداراعجاز اسحاق خان نے کہاکہ کیا آپ کو کچھ پتہ نہیں ریکارڈ گیا کہاں تھا؟ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ نہیں ان کو پتہ تو ہے،گذشتہ سماعت پر آپ نے کہا تھا لاہور ہائیکورٹ سے واپسی پر ریکارڈ کہیں گیا،ہم آپ کی اپیلیں میرٹ پر بھی خارج کر رہے ہیں،عدالت نے نیب استدعا منظور کرتے ہوئے کہاکہ میرٹ پر بھی نیب کی اپیلیں خارج ہیں۔