اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ‘قومی ٹیم 27اکتوبر کو ملائیشیا روانہ ہوگی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ہے کہ قومی ٹیم بھرپور تیاریوں کیساتھ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کریگی۔ اس حوالے سے سینئر مینجمنٹ ہاکی ٹیم کی زیر نگرانی قومی کھلاڑی کراچی میں مصروف ہیں۔ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی ہدایات کے مطابق ٹیم کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کی زیر نگرانی ملک بھر سے کھلاڑیوں کے ٹرائلز میرٹ کی بنیاد پر لئے جس سے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج حاصل ہوا۔ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے گزشتہ ماہ کوئٹہ میں ہونے والی آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان ہاکی ٹورنامنٹ میں موجود کھلاڑیوں کی پرفارمنس سامنے آئی۔ پی ایچ ایف کی مکمل سلیکشن کمیٹی چیئرمین اور ممبران موجود تھے۔کے پی کے‘سندھ پنجاب‘بلوچستان سمیت پاکستان بھر سے کھلاڑیوں کو آگے لانے کا موقع ملا ہے۔ سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کھیلنے انشاء اللہ ٹیم 27 اکتوبر کو ملائشیا روانہ ہوگی جہاں جاپان کیساتھ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ امید ہے نیوی قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ نیوی نے قومی ادارے کے طور پر کھیلوں کی ترقی کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور قومی کھیل کی ترقی کیلئے انکی کاوشیں بھی قابل تعریف ہیں۔ قوم سے درخواست ہے کہ اپنے قومی کھیل کے ہیروز کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ کھلاڑی بہترین پرفارمنس کیساتھ ملک و قوم کی نمائندگی کرسکیں۔