بھارتی ٹیم ہاری تو تیاری میںناکامی کا فارمولانہیں چلے گا: سنیل گواسکر
لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سنیل گواسکر نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کیخلاف اپنا پہلا میچ ہونے سے 3 ہفتے پہلے سے آسٹریلیا میں موجود ہے اور بھرپور تیاریاں کر رہی ہے، اس دوران بھارتی ٹیم نے بڑی ٹیموں کیخلاف پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں۔ایک بات تو یقینی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم اس بار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ نہیں جیت پاتی تو یہ تیاریوں کی وجہ سے تو نہیں ہو سکتا، ’اگر آپ نے تیاری نہیں کی تو ناکام ہونے کیلئے تیار ہو جاؤ‘ والا فارمولا بھارت پر اپلائے نہیں ہو گا کیونکہ بھارتی
ٹیم نے ورلڈکپ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے۔ بھارتی ٹیم کی پرفارمنس دو طرفہ سیریز میں ہمیشہ سے ہی اچھی رہی ہے چاہے وہ ہوم گراؤنڈ پر ہو یا بیرون ملک ہو لیکن بلیو شرٹس نے حالیہ ملٹی نیشن ٹورنامنٹس میں اچھا پرفارم نہیں کیا کیونکہ بھارتی ٹیم نے ان ٹورنامنٹس کو آسان لیا تھا۔
اس مرتبہ اس ٹیم کے ساتھ ایسا نہیں ہے، نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج اور بھارتی کرکٹ فین کے ٹرافی جیت کر گھر لانے کی مثبت سوچ کے باوجود دیگر ٹیمیں بھی پریکٹس میچز کھیل کر اچھی تیاری میں ہیں اور بھارتی ٹیم کو روک سکتی ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ جسپریت بمراہ اور رویندرا جدیجا کی غیر موجودگی میں موجودہ بھارتی ٹیم بھی کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔