ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی : بابر اعظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کی حالیہ پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مڈل آرڈر نے گزشتہ دو میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جب ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑی اس طرح کی کارکردگی دکھاتے ہیں تو اس سے ٹیم کو بہت اعتماد ملتا ہے۔مجھے پورا اعتماد ہے کہ ٹیم عالمی ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، یہ ہمارے لیے نیک شگون ہے۔ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بیٹنگ کیساتھ ساتھ قومی ٹیم کو باؤلنگ میں بھی تقویت ملی ہے اور شاہین شاہ آفریدی بھی فٹ ہوکر سکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔ پاکستان کے پاس فاسٹ باؤلرز کی بہتات ہے اور بہت مضبوط فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ہمارا باؤلنگ اٹیک مزید مضبوط ہوا ہے۔شاہین کی نئی اور پرانی گیند دونوں سے پرفارمنس میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ ایونٹ ہمارے باؤلرز کیلئے بطور یونٹ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا نادر موقع ہے۔بھارت کیخلاف میچ کے حوالے سے کہا کہ روایتی حریف کیخلاف میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، شائقین بھی اس کے شدت کے منتظر ہوتے ہیں اور ہم بھی میدان میں اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔