• news

حکومت لانگ مارچ سے خوفزدہ ،لاکھوں عوام اسلام آباد ضرور پہنچیں گے: فواد چودھری 

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان چند دنوں یا ہفتے کے اندر اندر کر دیا جائے گا،تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام ایک بڑی تحریک کے لئے کمر کس لیں،امپورٹڈ حکومت لانگ مارچ سے خوفزدہ ہے عوام لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد ضرور پہنچیں گے،آڈیو لیکس کے معاملے پر سپریم کورٹ ایک اعلی سطحی کمیشن بنا کر تحقیقات کرے اور عوام کے سامنے حقائق لائے جائیں کے پی کے ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں،عمران خان نے اس پر پورا مہینہ اس پر کام کیا ہے،ہم نے اپنے تحصیل کی سطح پر کارکنان کو متحرک کیا،تمام یونینز کو اعتماد میں لیا ہے،ضلعی تنظیموں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ایم این اے ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے،عمران خان نے پچھلے 5 ماہ میں 60 سے زائد جلسے کئے اور لانگ مارچ کے ضمن میں 2 سیاڑھائی سو کے قریب میٹنگز کر چکے ہیں، ہم نے کبھی تشدد پر یقین نہیں کیا،ہماری کوئی ذیلی دہشتگرد تنظیم نہیں ہے،ن لیگ،پیپلز پارٹی کے میلیٹنٹ ونگز ہیں،ہمارا لانگ مارچ انتہائی پرامن ہو گا۔فواد چوہدری نے کہا حقیقی آزادی تحریک کو روکنے کے لئے جو حربے استعمال کئے گئے وہ ملکی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے گئے،ہم ن لیگ یا پیپلز پارٹی سے مذاکرات نہیں کریں گے،تحریک انصاف لوکل گورنمنٹ کی حامی ہے مگر پہلی ترجیح عام انتخابات ہیں،لانگ مارچ کے حوالے سے جو بھی حکمت عملی بنائیں گے وہ قانون کے دائرہ  ہو گی۔

فوادچودہدری 

ای پیپر-دی نیشن