لاہور‘ فیصل آباد‘ قصور‘ گھریلو جھگڑے پر خاتون سمیت 3 افراد کی خودکشی
لاہور+ فیصل آباد+ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) شمالی چھائونی کے علاقے میں 22 سالہ نوجوان نے بیوی سے جھگڑے پر دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندہ لیکر خودکشی کر لی ہے۔ شمالی چھائونی کے علاقے عسکری ٹین میں 22 سالہ نوجوان محسن ایک گھر میں گھریلو ملازم تھا۔ گزشتہ روز اس نے گھر میں لوہے کی سیڑھی کے ساتھ رسی لٹکا کر اس سے گلے میں پھندا لیکر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محسن لودھراں کا رہائشی تھا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق غربت‘ بیروزگاری اور مہنگائی کے باعث خراب گھریلو حالات کے نتیجے میں ہونے والے جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکر بلقیس بی بی نے زہریلی گولیاں نگل لیں۔ اسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور پولیس تھانہ تھہ شیخم کی حدودمیں جواں سالہ لڑکی نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ 22 سالہ یوسف نے گھریلو ناچاقی پر گھر میں پڑی گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔ حالت غیر ہونے پر اسے جنرل ہسپتال لاہور منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
خودکشیاں