عمران کے ایماء پر مجھ پر فائرنگ‘ قاتلانہ حملہ ہوا محسن شاہنواز رانجھا نے پی ٹی آئی کے خلاف تھانے میں درخواست دے دی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے عمران خان کے خلاف مقدمے کی درخواست تھانہ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ محسن شاہنواز رانجھا نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کی ایماء پر مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ الیکشن کمشن کے باہر مجھ پر فائر کیا گیا ۔ فائر میرے قریب سے گزرا گاڑی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ پولیس نے گرفتار کئے ہیں، عمران خان سمیت دیگر حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور کارروائی عمل میں لائی جائے‘ میرے ساتھ موجود افراد نے میری جان بچائی۔