عمران 5سال کیلئے نا اہل، اھتجاج مایوس کن ، اب ملک خوشحال ہو گا : وزراء
اسلام آباد؍ شیخوپورہ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) وفاق وزراء نے عمران خان کی نااہلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمشن کے سامنے جھوٹ بولا۔ انہیں پانچ سال کیلئے نااہل کیا گیا ہے۔ ان کی نااہلی پر مختلف شہروں میں احتجاج مایوس کن رہا۔ کہیں 40‘ 50 سے زائد لوگ نہیں تھے۔ اب ملک میں سیاسی استحکام آئے گا اور ملک خوشحال ہوگا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحائف لئے اور الیکشن کمشن نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ الیکشن کمشن نے عمران خان کو پانچ سال کیلئے نااہل قرار دیا ہے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کا بھی کہا ہے۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے بنک سٹیٹمنٹ دینے سے انکار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ٹی آئی کے احتجاج پر کہا ہے کہ اتنا مایوس کن احتجاج نہیں دیکھا اگر پنجاب میں ہماری حکومت ہوتی تو ان 30‘ 40 لوگوں کو بھی نہ نکلنے دیتے۔ الیکشن کمشن سے اظہاریکجہتی کیلئے مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے اپنے اپنے شہروں میں باہر نکلیں۔ فیصلہ کے خلاف تو الیکشن کمشن پرحملہ کرنے سے نااہلی تو ختم نہیں ہوگی۔ اب ملک خوشحال ہو گا۔ وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ خودساختہ صادق اور امین جھوٹ اور فراڈ کا چیمپئن ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ چوری کے بعد اب توشہ خانہ کیس میں چوری پکڑ گئی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا بہت بڑا جرم جس کی سزا تاحیات نااہلی ہے لیکن اس کے باوجود اس کیلئے آج بھی نرم رویہ ہے۔ نیازی اب بھی لاڈلہ ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان توشہ خانہ کے تحائف چھپانے کے جرم میں نااہل ہوئے ہیں۔ قادر پٹیل نے دوسروں کو چور کہنے والا عمران احمد نیازی خود موروثی چور نکلا۔