• news

فیٹف لسٹ سے نکلنا خوش آئند سرمایہکاری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے:اقتصادی ماہرین تاجربرادری


لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین اور ملک کی کاروباری برادری نے پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے فیصلے خوش آئند قرار دیا ہے۔ پاکستان کے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ  گرے لسٹ پاکستان پر کالا دھبہ تھا جو اتر گیا ہے۔ ملک کی معیشت پر فوری طور پر مثبت اثرات مرتب نہیں ہونگے تاہم جب ریکور کریں گے تو سرمایہ کاری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے، دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان کا مالیاتی نظام شفاف ہے۔ گرے میں سٹیٹ بنک، اداروں اور وزارتوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ سابق وفاقی سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ پاکستان کے لئے بہت اچھی خبر ہے۔  بہت محنت کی گئی اس کے صلے میں ہمیں یہ اعزاز ملا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک بنکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ بھارت کی مخالفت کے باوجود ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا، جس سے پاکستان کی ساکھ بہتر ہو گی۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے پر لاہور چیمبر کے عہدیداران کی حکومت اور قوم کو مبارکباد، صدر لاہور چیمبر کاشف انور، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر محمود اور نائب صدر عدنان خالد بٹ کا ظہار تشکر، حکومتی ٹیم کو سراہا۔ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کے لئے غیر ملکی فنڈنگ کا حصول آسان ہو جائے گا۔ پاکستان تقریبآ 52 ماہ تک فیٹف گرے لسٹ میں رہا ہے۔ فیٹف گرے لسٹ سے نکلنا دہشت گردی کے خلاف ہماری قربانیوں کا اعتراف ہے۔

ای پیپر-دی نیشن