جاوید لطیف کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر پنجاب حکومت کی درخواست خارج
لاہور (سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے ٹی وی پر ریاست اور ملکی اداروں کے خلاف گفتگو کرنے کے الزام میں درج مقدمہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما ، وفاقی وزیر جاوید لطیف کی ضمانت منسوخی کے لئیے پنجاب حکومت کی دائر درخواست خارج کردی۔
عدالت عالیہ نے سیشن عدالت کے ضمانت لینے کے فیصلے کو برقرار رکھا ۔جسٹس انوار الحق پنوں نے پنجاب حکومت کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت جاوید لطیف کے وکیل نے عدالت میں ریکارڈ پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ ہم نے تمام حقائق عدالت میں بیان کر دیے تھے،سرکاری وکیل نے جاوید لطیف پر پہلی عبوری ضمانت خارج ہونے کا نکتہ چھپانے کا الزام لگایا تھا۔ وکیل پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا کہ جاوید لطیف نے ریاست مخالف بیان دیا سیشن کورٹ نے ریکارڈ کا جائزہ لیے بغیر ضمانت منظور کی ۔ وکیل پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا کہ سیشن کورٹ کا ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ درست نہیں ہے ۔پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جاوید لطیف کے خلاف درج مقدمے میں لگائی گئی دفعات ناقابل ضمانت ہیں۔