ہائیکورٹ کا گورالی روڈ گجرات پر انٹرچینج کی تعمیر روکنے کا حکم
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے گجرات سیالکوٹ ایکسپریس وے کی تعمیر کے خلاف درخواست پر گورالی روڈ پر انٹرچینج کی تعمیر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے حکومت پنجاب، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس اورکمشنر گجرات سے تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو فوری طور پر عدالتی حکم سے آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ درخواست گزار انس گل وغیرہ کے وکیل شفقت محمود چوہان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ گجرات سیالکوٹ ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے زمین ایکوائر کئے بغیر زبردستی ہتھیالی گئی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت ایکسپریس وے کے منصوبے کے نام پر زبردستی حاصل کی گئی، اراضی فوری واپس کرنے کا حکم دے۔