ہمارے دور میں اپوزیشن کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے رہے: اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے موجودہ حکومت کی جانب سے قوانین بنانے کے متعلق سوال پر کہاکہ آپ کی یاد داشت کمزور ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں اپوزیشن کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔ میں نے تین مرتبہ علی وزیر کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کیے، اسد قیصر نے سپریم کورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو ریڈ زون میں آنے سے روکنے سے متعلق سوال پر کہاکہ قانون و آئین کے مطابق جو بھی ہوگا وہ کریں۔ اسد قیصر نے بطور سپیکر قومی اسمبلی کرنل لیاقت سے ملاقات کے حوالہ سے سوال کے جواب میں کہاکہ میں کسی کرنل لیاقت کو نہیں جانتا، اس کے بارے میں نہیں جانتا، بطور سپیکر قانون و آئین کے مطابق کام کیا۔