فلم‘ ڈرامہ کسی ملک کا تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستانی فلموں کی نمائش کے لئے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں۔ ترکیہ کے فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلم بندی کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات کو بتایا گیا کہ فلم فیسٹیول کی تاریخ کا تعین آئندہ ہفتے ترکیہ میں اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی تین نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔ ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام اور ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے کیلئے تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔