عمران کے دور میں ہمیں جانی نقصان کا زیادہ سامنا رہا: مفتی منیب الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ حویلیاں کے شہداء کی تعزیت اور حالات جاننے آئے ہیں میرے پاس اعظم سواتی کے بھائی آئے کہ حالات بہتر کرنے کے لئے تعاون کریں۔ لوگوں کو گرفتار کر کے ہری پور جیل بھیج دیا گیا ہے۔ امیر معاویہ چوک میں یوم دفاع اور دوسرے جلوس بھی نکلتے ہیں، تصادم کا تاثر غلط ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی معاویہ اعظم نے خود فون کر کہ کہا وہ تحریک لبیک کے پاس آئیں گے، ہمیں میلاد النبی ؐ کے جلوس سے کوئی اعتراض نہیں۔ مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی سیکر ٹریٹ میں حافظ سعد حسین رضوی اور مجلس شوریٰ کے اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ ٹی ایل پی کے پاس کلپس ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ریاست کی ارادی کارروائی تھی، اس کے شواہد موجود ہیں۔ ر یاستی اداروں میں ایسا کون سا سیل ہے جو ملک میں انتشار برپا کرنا چاہتا ہے۔ ہم ان کو کول ڈاؤن کرنے آئے ہیں، مجرموں کو سامنے لایا جائے اور جوڈیشل کمشن بنایا جائے یا جے آئی ٹی بنائی جائے۔ ہمیں ہر دور کی حکومتوں سے مسائل رہے ہیں لیکن عمران خان کے دور میں ہمیں جانی نقصان کا زیادہ سامنا رہا ہے۔ میرا پھر بھی عمران خان سے مطالبہ ہے کہ ان کی کے پی کے میں حکومت ہے، ا پنی صوبائی حکومت کو حکم کریں کمیٹی میں متاثر فریق کو شامل کیا جائے جودودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے۔