• news

گھرکی ہسپتال میں سماعت سے محروم بچوں کو ’کاکلیئرامپلانٹ ‘لگا دیئے گئے


لاہور ( سپیشل رپورٹر) گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی (IMRA)کے تعاون سے پاکستان میں سماعت سے محروم بچوں کا سرجری کے ذریعے مفت کاکلیئر امپلانٹ لگا دئیے گئے ہیں ۔ماہر ڈاکٹرزکی ٹیم جن میں ڈاکٹر ہارون خان ، ڈاکٹر نوید احمد،ڈاکٹر شوکت ملک، ڈاکٹر نوخبت، ساجد یعقوب ، پروفیسر محمدمجیب، مس فاطمہ طاہراورڈاکٹر اطہر عدنان گھرکی ہسپتال ہیڈا ٓف ڈیپارٹمنٹ ای این ٹی شامل ہیں ۔ انگلینڈسے آئے ای این ٹی اسپیشلسٹ سرجن ڈاکٹر ہارون نے بتا یا کہ قوت سماعت سے محروم 3بچوں کو سرجری کے ذریعے جدید ترین آلہ کاکلیئرامپلانٹ لگادیئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر نوید نے بتایا کہ ایک بچے کے آپریشن سے لے کر کاکلیئر امپلانٹ اور سپیچ تھراپیز تک 25سے 30لاکھ کا خرچ ہو تا ہے جو بلکل مفت کیا جا رہا ہے۔

۔ان کا کہنا تھا کہ کاکلیئر امپلانٹ ایک الیکٹرانک ڈیوائس ہے جو کہ سرجری کے ذریعے کان کے اندر لگائی جاتی ہے جو کان کے خراب حصے کو بائی پاس کرتے ہوئے آوازوں کو سماعتی اعصاب تک پہنچا کر قوت سماعت سے محروم افراد کو زندگی کی تمام آوازیں سنا دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کاکلیئرامپلانٹ لگانے کے بعد ہر مریض کو مکمل طور پر سپورٹ اور رہنمائی فراہم کی جا تی ہے ۔ دو سا ل کے بعد ان بچوں کے لیے سننا اور بولنا کو ئی مشکل بات نہیں ہوتی۔ کاکلیئر امپلانٹ سے بچے نارمل سکول میں تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ تین سال کی عمر تک بچے مکمل گفتگو کرنے کے اہل ہوتے ہیں لہذاکوشش کرنی چاہیے ایک تاتین سال کی عمر تک کے بچوں کاآپریشن ہو جائے ۔ڈاکٹرمحمد مجیب نے گھرکی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز اور انسانی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے حکومت سے اپیل کہ وہ تمام ہسپتالوں میں بچے کی پیدا ئش کے بعد سماعت کے ٹیسٹ کو لازم کر دیا جائے تاکہ کسی قوعت سماعت محروم بچوں کا وقت پر علاج شروع کیا جا سکے ۔پروگرام کے آخر میںچئیرمین گھرکی ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے ڈاکٹرز کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور مہمانوںمیں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔ا نہوں نے آئے ہوئے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے درخواست کی کہ وہ یہاں کے ڈاکٹر ز کو بھی ٹریننگ دیں اور انسانی خدمت کے اس سفر کو جاری و ساری رکھیں ۔چیف آپریٹنگ آفیسرگھرکی ہسپتال محمد نعیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گھرکی ہسپتال کے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں ۔گھرکی ہسپتال چوبیس گھنٹے مستحق افراد کو بلا معاوضہ علاج کی سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن