امپورٹڈ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران کی مقبولیت بڑھے گی: فیاض چوہان
لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکس اچار پارٹی نے ملک کے سب سے مشہور، دیانتدار اور اس قوم کے ہیرو عمران خان کو جس انداز سے نا اہل کروایا اس کا پوری قوم اور قانون دان مذاق اڑا رہے ہیں۔ جب ان لوگوں کو پتہ لگا عمران خان کا پارلیمانی نظام سے مقابلہ نہیں کیا جا سکتا تو دوسرے طریقے سے ان کو رستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ ان چوروں نے دو پوائنٹس توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کا عمران خان پر الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ مریم اورنگ زیب اور بیگم صفدر چہک چہک اور مہک مہک کر ایسے عمران خان پر تنقید کر رہی ہیں جیسے انہوں نے جاتی عمرہ کی4 مربعے زمین اور 8 ارب کے لندن فلیٹس توشہ خانہ میں جمع کروا دیئے ہیں۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف کی پوری تفصیل عدالتوں کے سامنے رکھی۔ عمران خان نے جو تحائف بیچے ان میں سے جنکی قیمت مارکیٹ ویلیو سے زیادہ تھی اس پر ٹیکس دیا جبکہ نواز شریف اور زرداری تحائف کا صرف 2 اور 5 فیصد جمع کروا کر ساتھ لے گئے۔ نواز شریف بھی ملکی خزانے کو چونا لگانے میں کسی سے پیچھے نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم کے لئے دیو بن چکا ہے جس نے پورے چور ٹولے کی نیندیں برباد کر دی ہیں۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مولوی فضل الرحمٰن نہ تین میں ہے اور نہ تیرہ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو سیاسی میدان سے الگ کر کے اقتدار کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ عمران خان کے اثاثے نواز شریف اور زرداری گروپ کے ملازمین سے بھی کم ہیں۔ امپورٹڈ حکومت جن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی‘ اس سے عمران خان کی عزت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو گا۔
فیاض چوہان