• news

سی پیک پاکستان چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ہو گا: اسحاق ڈار


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ  سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں یہ بات ہفتہ کو یہاں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری جڑوں والے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے موجودہ حکومت کو درپیش معاشی چیلنجز اور ان پالیسیوں پر مزید روشنی ڈالی جن کا مقصد ملک میں معاشی اور مالیاتی استحکام لانا ہے۔ وزیر خزانہ نے چین کی قیادت کی طرف سے سیلاب سے بچائو اور پاکستان کو 15 ارب یوآن کی آسان اقساط میں ادائیگی کے لیے تعاون کوبھی سراہا۔ سی پیک کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا سی پیک منصوبوں پر کامیاب عمل درآمد کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے پاکستان کے لیے چینی حکومت کی طرف سے مسلسل تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان میں مختلف منصوبوں میں چینی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سی پیک کے حصے کے طور پر خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی میں چینی حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔
اسحاق ڈار

ای پیپر-دی نیشن