نائیجیریا: تعظیم حرمین شریفین کانفرنس ختم‘ طاہر اشرفی کو ایوارڈ دیا گیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کانفرنس نائجیریا میں ختم ہو گئی۔ اس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور اسلامی ممالک کے علماءو مشائخ کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کیلئے ہر سطح پر کوششیں کر رہے ہیں۔ مسلمانوں کی وحدت کا مرکز مکة المکرمہ اور مدینہ المنورہ ہے، مسلمانوں کو فرقہ وارانہ تشدد اور انتہا پسندی نے نقصان پہنچایا ہے۔ اسلام مکة المکرمہ اور مدینہ المنورہ سے آیا ہے اور حرمین شریفین کا پیغام امن، سلامتی اور اعتدال ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام ہر مسلمان کو عزیز ہے۔ سعودی عرب اور اس کی قیادت کے خلاف پراپیگنڈہ کا مقصد انتشار پیدا کرنا ہے۔ قرآن کریم کا واضح حکم ہے کہ حرم میں غیر مسلم داخل نہیں ہو سکتا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹر نیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔ کانفرنس سے شیخ طلال العقیل، ڈاکٹر ابراہیم جامع اوتویو، ڈاکٹر داد عبدا لباقی محمد، ڈاکٹر امام عیسیٰ عبد الکریم، ڈاکٹر سلیمان عثمان سلیمان، ڈاکٹر محمد عبد اللہ ثانی، ڈاکٹر شرف الدین بادییبور اجی، ڈاکٹر محمد منیر الیاس، ڈاکٹر محمد الحاج ابو بکر، ڈاکٹر ابوبکر محمد ثانی، ڈاکٹر الخضر عبد الباقی محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتامی بیان میں کہا گیا کہ مسلم امہ کے مسائل کا حل باہمی اتحاد میں ہے۔ اسلام دیگر مذاہب کے ساتھ بھی امن ، سلامتی و اعتدال کے ساتھ رہنے کا حکم دیتا ہے۔ بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ وقت کی ضرورت ہے، رسول اکرم نے رحمت اور امن کا پیغام دیا ہے اور اسی کا پیغام علماءپاکستان نے پیغام پاکستان اور علماءاسلام نے میثاق مکة المکرمہ میںدیا ہے۔ مسلم ممالک کو خطرات اندرونی انتشار سے ہیں، مسلم ممالک میں بیرونی اور فرقہ وارانہ مداخلتوں سے حالات خراب کیے جا رہے ہیں۔ اسلام کے نام پر دہشت گردی، انتہا پسندی اور فتنہ پھیلانے والوں سے اسلام بری ہے۔ تیل اور دیگر امور کے بارے میں علماءاسلام سعودی عرب کے موقف کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر اور تیل تنصیبات پر حملے قابل مذمت اور قابل افسوس ہیں۔ سعودی عرب نے یمن کے مسئلہ کے حل کیلئے جو تجاویز پیش کی ہیں اور جو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے اور امت مسلمہ کے مسائل بالخصوص مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے فوری طورپر کردار ادا کیا جانا ضروری ہے۔ کانفرنس میں پاکستان، سوڈان، نائجیریا اور دیگر مقامات پر سیلاب کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی اور اسلامی دنیا سے ہر ممکن امداد کی اپیل کی گئی ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر علماءنائجیریا‘ افریقہ کی طرف سے اسلام، ارض حرمین شریفین کیلئے اور مسلمانوں کیلئے خدمات پر چیئرمین پاکستان علماءکونسل و سیکرٹری جنرل انٹر نیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو ایوارڈ دیا گیا۔
تعظیم کانفرنس