شمالی وزیرستان :افغانستان سے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ ،جوان شہید
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کر کے ایک جوان کو شہید کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے انٹرنیشنل سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سیکٹر میں پاکستانی فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ پاک فوج نے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور کا رہائشی 32 سالہ لانس دفعدار وقار علی شہید ہو گیا۔ پاکستان افغان حکام سے مسلسل بہتر مینجمنٹ پر زور دے رہا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے ان واقعات کے لئے افغان سرزمین کے پاکستان مخالف دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی اور امن دشمن عناصر کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہے اور بزدلی کے ان واقعات میں جوانوں کی شہادت پاک فوج کے وطن کی حفاظت کے جذبہ کو مہمیز کرنے کا باعث ہے۔ دوسری کارروائی میںسیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے شلوبر میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہا۔
جوان شہید