موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس،عمران کو تکبر لے ڈوبا :اختر مینگل
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات سے قبل ان سے مذاکرات کریں جو آپ کا اٹوٹ انگ ہیں۔ ایک انٹرویو دیتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ ہم حکومت کی تبدیلی کے حق میں نہیں تھے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جن کا احسان مند ہونا چاہیے تھا سب سے پہلے ان کے ہاتھ کاٹے اور نئے سیاسی بٹیروں کو زیادہ اہمیت دی۔ رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ عمران خان کو اپنا تکبر لے ڈوبا ہے۔ تحریک انصاف کے اپنے ارکان ناراض نہ ہوتے تو تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے گلے شکوے کیے ہیں، موجودہ حکومت بھی ہمارے مسائل کے حل میں بے بس نظر آرہی ہے۔ سربراہ بی این پی مینگل نے کہا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے ہم جن کی طرف اشارہ کرتے تھے عمران خان تسبیح پر ان کا نام لے کر تعریف کیا کرتے تھے۔ عمران خان کے ساتھ ہمارا مسئلہ لاپتا افراد اور ڈیولپمنٹ کا تھا۔ اختر مینگل نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے لیے بلوچستان کی کوئی اہمیت نہیں مگر جب ووٹوں کی ضرورت ہو تو بلوچستان یاد آتا ہے۔ گزشتہ حکومت میں ہم آواز اٹھاتے رہے لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔
اختر مینگل