آئی ٹی سیکٹر معیشت مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا: وزیر خزانہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو اس کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی توجہ دیتی ہے۔ آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ٹیلی کام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ، معاون خصوصی وزیراعظم برائے خزانہ طارق باجوہ، گورنر سٹیٹ بنک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پی ٹی اے اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کی کم ہوتی ہوئی برآمدات اور ان میں دوبارہ اضافہ کرنے اور اس شعبہ کو ترقی کی راہ پر لانے کے اقدامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو اس کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی توجہ دیتی ہے۔ آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی تجاویز پر غور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آئی ٹی کے شعبے کی سہولت اور آسانی کے لیے اقدامات کریں اور اس شعبے کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے رکاوٹوں کو دور کریں۔
اسحاق ڈار