اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل مسلوی مواقع دے رہے ہیں: پرویز الہٰی
لاہور (نیوز رپورٹر) دیوالی کے تہوار کی مناسب سے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی قریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔ پاکستان میں مقیم ہندو برادری کو مبارکباد دی۔ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اجرک کا تحفہ دیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر کہا کہ دیوالی پر ہندو برادری کی خوشی میں شریک ہیں۔ اقلیتی برادری کے طلباءکو سرکاری تعلیمی اداروں میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک سکالرشپ دئیے جا رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں 2 فیصد کوٹہ مقرر کیا ہے۔ اقلیتی برادی کیلئے ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹے پر عملدرآمد کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اقلیتی طلباءکیلئے ایجوکیشنل سکالرشپ سکیم میں 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے اقلیتی طلباءکو 50 ہزار روپے تک سکالرشپ دے رہے ہیں۔ ایک دوسرے کی خوشی میں شرکت سے رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ ہندو اور دیگر اقلیتی برادریوں کو تعلیم کیلئے مساوی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اقلیتوں سے بہتر سلوک اور احترام دین اسلام کا خاصا ہے۔ ارکان صوبائی اسمبلی یوڈسٹر چوہان‘ نواز چانڈیا‘ عباس علی شاہ‘ محمد شفیق‘ ہبکوک رفیق بابو‘ سیموئل یعقوب‘ مہمندرپال سنگھ‘ سائرہ رضا‘ فوزیہ عباس‘ شاہد ملیکہ‘ نوہیس کھوکھر‘ آفتاب گل‘ محمد یاسین‘ چیئرمین وزیراعلیٰ شکایت سیل زبیر احمد خان‘ سیکرٹری اقلیتی امور و انسانی حقوق اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے آج پاکپتن میں حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دی۔ مزار شریف پر چادر پوشی کی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور عقیدت مندوں‘ زائرین کی سہولت کیلئے اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا اعلان کیا۔ پارکنگ کے مسئلے کو بھی حل کیا جائے گا۔ اوور ہیڈ برج کا تخمینہ لگا کر جلد کام شروع ہو گا۔ مزار پر آنے والے زائرین کے لیے سہولتیں مزید بہتر بنائی جائیں گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تحمل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ اولیاءکرام کی تعلیمات کا خاصا ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا پاکپتن پریس کلب کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی جلد کرکے مزید اقدامات کریں گے۔ صحافیوں کے لئے جرنلسٹ کالونی بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر پاکپتن کو اراضی کی نشاندہی جلد کرنے کی ہدایت کی۔
پرویزالٰہی