• news

قرضوں سے نجات ، معیشت کی ترقی  کیلئے قومی پالیسی نا گزیر : اشرف بھٹی


لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں سے چھٹکارا اور اپنے وسائل میں اضافہ نا گزیر ہے۔ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے ، جس طرح فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اتحاد دکھایا گیا۔ قومی معیشت کی ترقی کیلئے بھی یہی فارمولہ اپنایا جائے۔اپنے دفتر میںتاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجر برادری کاملکی معیشت میں اہم کردار ہے لیکن بد قسمتی سے اسے نظر انداز کیا جاتا ہے۔تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لئے بغیر پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں۔
 جس پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔ معیشت کی ترقی کیلئے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینا ہوگا اور اس کیلئے حکومت کو مشاورت کا عمل شروع کرنا چاہیے۔
جائز کاروبار کرنے والے تاجر نا مساعد حالات کے باوجود حکومت سے ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ بیرونی قرضوں کا اڑدھا ہماری معیشت کو نگل رہا ہے اور اس سے ہماری قومی سلامتی کو بھی خطرات لا حق ہیں۔ قرضوں سے نجات اور معیشت کی ترقی کے لئے متفقہ قومی پالیسی نا گزیر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن