سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت انسداد جرائم کیلئے اجلاس،صورتحال کا جائزہ
لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیر صدارت انسداد جرائم بارے جائزہ اجلاس کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اطہر اسماعیل،ایس ایس پی انوسٹی،ایس ایس پی لیگل، آپریشنز انوسٹی گیشن سمیت تمام یونٹس کے تمام ایس پیز، اے ایس پیز اورمتعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے کرائم کنٹرول اور امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے سینئر پولیس افسران کو انسدادی کاروائیاں اور تفتیش کے معاملات بہتر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز سمیت تمام سینئر افسران فیلڈ اور پبلک میں جائیں اور شہریوں کے گھر کی دہلیز پر مسائل کی دادرسی کیلئے ہفتہ میں ایک دن کھلی کچہریاں لگائیں۔انہوں نے کھلی کچہری میں آپریشنز انوسٹی گیشن، ڈولفن سکواڈ، سی آئی اے اور اے وی ایل ایس کے نمائندہ افسران کو لازمی موجود رہنے کی ہدایت کی۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ پبلک مقامات، تعلیمی اداروں اور اطراف میں منشیات فروشی ،بدمعاشوں، اشتہاری مجرموں،قبضہ گروپوں،ٹھیکیدار بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائیں۔