کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے پرہیز کرنا چاہئے: عبدالرﺅف،بلاول ہنجرا
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)تحصیل انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے زیر اہتمام انسداد سموگ کے حوالہ سے آگاہی کیلئے پنڈ ی بھٹیاں میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرر یونیو حا فظ آباد عبدالرﺅف ، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ ی بھٹیاں بلاول علی ہنجرا،محکمہ زراعت کے افسران ، مختلف دیہات کے نمبردار،کاشتکار ، زمیندار ، معززین او ر میڈیا کے نمائندوں نے سیمینا ر میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالرﺅف اور اسسٹنٹ کمشنر بلاول علی ہنجرانے کہاہے کہ حکومت پنجاب او رلاہور ہائی کورٹ کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو جلانے ، فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والے بھٹوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ،جسکا مقصد ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنا نا ہے ۔ انکا کہناتھا کہ موٹروے کے اطراف میں فصلوں کی باقیات جلانے سے اُٹھنے والے دھویں سے کئی حادثات بھی ہوسکتے ہیں اس لیے زمینداروں اور کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کی باقیات جلانے سے پرہیز کرنا چاہیے،اور اگر کوئی زمیندار اسکی خلاف ورزی کریگا تو انتظامیہ کو اسکے خلاف ایکشن لینا پڑے گا ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد سموگ کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ سیمینار کا انعقاد کا مقصد زمینداروں ، کسانو ں کو یہ آگاہی دینا ہے کہ فصلوں کی باقیات سے پرہیز کیا جائے اوران کو تلف کرنے کیلئے جدید مشینری یا دوسرے ذرائع اختیار کیے جائیں۔