• news

توشہ خانہ: تحائف لینے والے ہر شخص کا نام بتایا جائے: ترجمان پنجاب حکومت


لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان وزیراعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی نے کل قرارداد میں چیف الیکشن کمشنر کی برطرفی اور وفاقی حکومت سے  توشہ خانہ کا 30 سالہ ریکارڈ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ نے کہاکہ توشہ خانہ سے تحائف لینے والے ہر شخص کا نام عوام کو بتایا جائے۔ نواز شریف 1997ء میں ترکمانستان حکومت کا قالین 50 روپے‘ لاکھوں کی سعودی رائفل 14 ہزار، قطر کا بریف کیس  875 میں ‘ 45 لاکھ کی مرسڈیز 6 لاکھ میں گھر لے گئے۔ ابوظہبی سے 3 قیمتی گھڑیاں مریم اور ان کے خاندان کے دیگر افراد لے اڑے۔ 10 لاکھ کی گھڑی مریم نے 45ہزار ادا کر کے حاصل کی۔ یوسف رضا گیلانی کی اہلیہ نے 30 لاکھ کا جیولری  سیٹ 3 لاکھ دے کر لیا۔ زرداری صاحب 12 کروڑ کی گاڑی 1کروڑ 60 لاکھ میں گھر لے گئے۔ امپورٹڈ حکومت اور چیف الیکشن کمشنر قوم کو گمراہ کرنا بند کرے۔ تحریک انصاف نے توشہ خانہ تحائف کی قیمت 20 سے بڑھا کر50فیصد مقرر کی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق قیمت ادا کرنے پر تحفہ ملکیت بن جاتا ہے۔ عمران خان ملک کی حقیقت ہیں،  یہ سب مل کر ان کو سیاسی میدان میں نہیں ہرا سکتے۔
ترجمان پنجاب

ای پیپر-دی نیشن