ایرانی مظاہرین کی حمایت میں ہزاروں امریکی افراد کا مارچ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ایران میں مہسا امینی کی موت کے بعد ہونے والے ملک گیر مظاہروں کی حمایت میں ایرانی نژاد سمیت ہزاروں افراد نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مارچ کیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان لوگوں نے نیشنل مال سے شروع ہونے مارچ میں خواتین‘ زندگی‘ آزادی اور ایران کیلئے انصاف جیسے نعرے لگائے۔ رپورٹ کے مطابق متعدد مظاہرین دوسرے شہروں سے آئے۔ 28 سالہ خاتون نے بوسٹن سے آکر مارچ میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنا نام صرف مہشد بتایا۔ ان کی ٹی شرٹ پر لکھا تھا کہ ایران کی آزادی میں مدد کریں۔ مہشد تین برس قبل ایران چھوڑ کر امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید اس ظالم حکومت کو نہیں چاہتے۔ یہ ہمارے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی پر پابندی لگا رہے ہیں۔ گزشتہ مہینے 22 سالہ مہسا امینی کو اخلاقی پولیس نے غیر موزوں لباس کے باعث گرفتار کیا تھا۔ حراست کے دوران وہ کومہ میں چلی گئی تھیں جہاں وہ انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی موت کے بعد ایران میں حالیہ سالوں کے بڑے مظاہرے شروع ہوئے۔ ایران میں مظاہرین کی حمایت کیلئے ہفتے کو برلن اور ٹوکیو میں بھی ریلیاں نکالی گئی تھیں۔
امریکہ/ مارچ