• news

سیاسی مقاصد کیلئے اداروں کو نشانہ بنانا افسوسناک، وازیر اعظم:سعودی عرب پہنچ گئے


اسلام آباد ریاض (خبر نگار خصوصی+ امیر محمد خان+ ممتاز احمد بڈانی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بنک ترقی کیلئے ہمارا شراکت دار ہے۔ بریس پروگرام سماجی تحفظ کیلئے حکومتی اقدامات کی معاونت اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ پیر کو بریس پروگرام کے تحت 1.5 ملین ڈالر قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق، اے ڈی بی کے وائس پریذیڈنٹ اور دیگر بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل وقت میں اے ڈی بی کی طرف سے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے کئی اہم پروگراموں کی شفافیت سے تکمیل کیلئے بھرپور معاونت کی ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پروگرام کے اجرا پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان معاشی مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے‘ وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے بھی پروگرام پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر اے ڈی بی کے وائس پریذیڈنٹ نے کہا کہ بریس پروگرام 1.5 ارب ڈالر کا پروگرام ہے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی اور ریلیف کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں شہباز شریف نے ایک کانفرنس میں اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت اور میری جماعت آئین کے مطابق ہر شہری کے آزادی اظہار کے حق کو یقینی بنانے کے پختہ عزم پر کاربند ہے، ہمیں عوامی سطح پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت شہریوں کو خود ایسے فورمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ عوامی اہمیت کے امور پر اپنے اختلافی نکتہ نظر اور آراءکا پوری آزادی سے اظہار کریں، ایسے فورمز کا فروعی سیاسی مفادات کے لئے ریاستی اداروں بالخصوص مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوان اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کو بچانے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ۔ ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ پولیو ایک مہلک وائرس ہے جو بچوں کو معذور بناتا ہے، ان کے مستقبل میں اور قومی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پولیو اب بھی موجود ہے۔ آج پولیو کے عالمی دن کے موقع پر وہ اپنی حکومت کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ بھرپور کوششوں کے ذریعے اس وائرس سے چھٹکارا پایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار کی مبارک بھی دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستان کی طاقت ہیں، ملکی ترقی میں ان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ پیرکو اپنے تہنیتی ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہندو برادری کو ان کے روشنیوں کے تہوار پر مبارک دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے ہندو برادری کے لئے نیک تمناﺅں کا پیغام بھی دیا۔ دریں اثناء ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیر اعظم میں شہباز شریف دو روزہ دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ دارالحکومت ریاض پہنچنے پر ڈپٹی گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز اور پاکستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن کے درمیان ملاقات میں خیرسگالی کی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے عشائیے میں ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کل فیوچر انوسٹمنٹ سمٹ میں شریک ہونگے۔ وزیراعظم سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینگے۔ یاد رہے کہ آئندہ ماہ کے آخر میں شہزادہ محمد بن سلمان بھی اعلی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرینگے اور بڑی سرمایہ کاری کا اعلان اور سیلاب زدگان کے لئے امداد کا مزید اعلان متوقع ہے۔ وزیراعظم شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات کے بعد مکہ المکرمہ میں عمرہ ادا کرینگے۔ شہباز شریف منگل کی شام کو جدہ روانہ ہوکر مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔ 
وزیراعظم 

ای پیپر-دی نیشن