• news

فارنسیسی سفیر کی ملاقات تعاون و بڑھانے پر اتفاق :سرمایہ کاروں کوسہولت دینگے:پرویزالہی


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے فرانس کے سفیرنکولس گیلی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فرانس اور پنجاب حکومت کے درمیان تعلیم، سیاحت، تاریخی مقامات کے تحفظ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کرونا وباءکے دوران پاکستان کی بھرپور معاونت پر فرانس کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین معاشی وتجارتی تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ فرانس کی بعض کمپنیاں پنجاب میں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی ساز گار ماحول موجود ہے۔ فرانس کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا ئیں، ہرممکن سہولت دیں گے۔ تجارتی وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ممکن ہے۔ فرانس کے تعلیمی اداروں کے وفد کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ میں نے 70کی دہائی میں لاہور کے فرنچ کلچر سینٹر میں داخلہ لیا اور فرنچ زبان سیکھی۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانسیسی تعلیمی اداروں کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا۔ فرانس کی حکومت سیاحت اور تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے پنجاب حکومت سے تعاون جاری رکھے گی اور مستقبل میں اس تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
پرویزالٰہی


علاوہ ازیں پرویز الٰہی سے رائے منصب علی خان اورمخدوم الطاف بابر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے رائے منصب علی خان کو چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل جنوبی پنجاب اور مخدوم الطاف بابر کو کوآرڈینیٹر برائے چیئرمین سی ایم کمپلینٹ سیل پنجاب مقرر کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے رائے منصب علی اور الطاف بابر کونئی ذمہ داریوں کے نوٹیفکیشن دیئے۔پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں۔

پرویز الٰہی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کاتیسری مرتبہ صدر منتخب ہونا چین کے عوام کا ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔صدر شی جن پنگ کا یہ منفرد اعزاز ان کی چینی قوم کیلئے بے مثال اور شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔ شی جن پنگ پاکستان کے مخلص دوست اور ایک مایہ ناز عالمی لیڈر ہیں۔

انسداد پولیو کے عالمی دن پر پیغام میں لاہور24اکتوبر: وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک معاشرے کی قومی ذمہ داری ہر ایک کے کندھے پر ہے اور ہم نے اسے ہر صورت نبھانا ہے۔ پولیو معصوم زندگیوں کے لیے چیلنج بنا ہوا ہے۔اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر معاشرے کو آنے والی نسلوں کے لیے پولیو سے پاک بنا سکتے ہیں۔ والدین سے اپیل ہے کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور موذی مرض سے بچائیں۔معذوری بہت تکلیف دہ ہوتی ہے لیکن پولیو ویکسین سے اس سے بچا جا سکتا ہے۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن