• news

ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ 



لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں 31دسمبر تک توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ریٹرن میں قانونی پیچیدگیوں کے باعث ابھی تک 32لاکھ گوشواروں میں  40فیصد گوشوارے بھی جمع نہیں ہوئے ،ریٹرن میں پائی جانے والی خامیاں دور کرنے کے لئے فوری اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا آغاز کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے ٹیکس بارز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر عبد الرحمن خواجہ، منظور احمد ،میاں شہریار،انور عباس انور ،چودھری امانت بشیر ،محمد آصف،مفتی وقاص،صدیق بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام خصوصاً ٹیکس نیٹ میں شامل لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب ان کے مسائل کو حل اور تحفظات کو سنا جائے گا۔ ریٹرن میں بہت سی قانونی پیچیدگیاں ہیں جنہیں فوری طور کرنے کی ضرورت ہے۔ متعلقہ ادارہ چیمبرز، ٹیکس بارز ، قانونی و معاشی ماہرین کو مدعو کرے تاکہ مسائل کے حل کی جانب پیشرفت ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دبائو میں آ کر 7ای اور سپر ٹیکس لگا کر ٹیکس دہندگان پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے ،دوسری طرف بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا ہے ،حکومت ٹیکس دہندگان کے لیے آسانیاں کرنے کی بجائے ان کے لئے مشکلات بڑھا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن