چین ، پاکستان فوڈ سکیورٹی، پلانٹ بائیوٹیکنالوجی کیلئے ریسرچ سینٹر بنائینگی
لاہور( این این آئی) ایک چینی ریسرچ یونیورسٹی اور ایک پاکستانی یونیورسٹی مشترکہ طور پر فوڈ سکیورٹی اور پلانٹ بائیو ٹیکنالوجی پر ایک تحقیقی مرکز قائم کریں گی ۔ یہ بات لین ای یونیورسٹی کے کالج آف لائف سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر وانگ ڈی پینگ نے ایک انٹرویو میں بتائی۔ انہوںنے کہا کہ یہ تحقیقی مرکز چین کی لین ای یونیورسٹی اور پاکستان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کے درمیان دستخط کی جانے والی مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہے۔ ایم او یو کے تحت لین ای یونیورسٹی میں قائم کیے جانے والے ریسرچ سینٹر اور لیبارٹریز میں بائیو ٹیکنالوجی، ایگرانومی اور فوڈ سائنسز کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق دونوں فریق متعلقہ یونیورسٹیوں کے محققین کو ریسرچ سینٹر میں کام کرنے اور طلبا ء کی نگرانی کیلئے بھی بھرتیاںکریں گے۔ باہمی مفادات کی تحقیق کے لیے دو مشترکہ تحقیقی گروپ بنائے جائیں گے۔ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کا مشترکہ تربیتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔ حالیہ برسوں میں، چینی اور پاکستانی محققین کی بڑھتی ہوئی تعداد نے بگڑتی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مشترکہ طور پر تحقیقی منصوبے شروع کیے ہیں۔