• news

ممبران اسمبلی نے گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ وزیراعظم‘ وزیر خارجہ‘ آرمی چیف اور ارکان فیٹف ٹیم کو دیا


قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب ارکان سید علی مو سیٰ گیلا نی اور عبدالحکیم بلوچ نے حلف اٹھا لیا، ارکان کے حلف اٹھاتے ہی ایوان جیے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔ مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے خوب نعرے بازی کی اور نعرے بازی کا سلسلہ کافی دیر تک چلتا رہا، تاہم بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے وزیٹرز گیلری میں بیٹھے مہمانوں کو نعرے بازی سے روک دیا۔ سپیکر نے انہیں روکا اور کہا کہ ہاﺅس کے ڈیکورم کا خیال رکھا جائے۔دونوں ارکان نے حلف اٹھانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے پاس آکر مصافحہ کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ایوان میں ''جئے بھٹو'' کے نعرے لگائے۔ ایوان میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے نو منتخب ارکان کو مبارکباد دی جبکہ نو منتخب ارکان نے اپنی کامیابی کا سہرا چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سر باندھا اور کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی کی قیادت میں انہوں نے یہ کا میابی حاصل کی ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ سمیت تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے دونوں نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ بلوچستان ریزیڈنشل کالج ژوب سے تعلق رکھنے والے طلبا اور اساتذہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ ارکان نے فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ وزیراعظم، وزیر خارجہ، آرمی چیف اور فیٹف ٹیم میں شامل ارکان کو دیا۔
پارلیمنٹ کی ڈائری 

چوہدری شاہد اجمل

چوہدری شاہد اجمل

ای پیپر-دی نیشن