• news

گرے لسٹ سے نکلنا بڑی کامیابی، پاکستان کا دنیا میں وقار بحال ہوا: گورنر 


لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان قمرالزمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے نام نکلنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کا دنیا میں وقار بحال ہوا ہے اور ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ایک ذمہ دار ریاست اور قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے آرمی چیف کا کردار نہایت اہم ہے جبکہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور وزیراعظم  شہباز شریف کی پوری ٹیم اور متعلقہ ادارے اس کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے نام نکلے سے ملکی معیشت پر دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور اس وقت منفی اور انتشار کی سیاست نہ صرف ملکی معاشی ترقی کو نقصان پہنچارہی ہے بلکہ ملکی سالمیت کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔قبل ازیں،گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس لاہور میں ٹیکسٹائل ٹریڈرز ایسوسی ایشن پاکستان کے وفد نے چیئرمین عدنان عمر سہگل کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی ترقی کے حوالے سے اہم مراحل سے گزر رہا ہے اور مسلم لیگ(ن) حکومت وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ پاکستان کو ہر حال میں معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملک میں روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کوٹیکسائل انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔
گورنر

ای پیپر-دی نیشن