• news

آزاد کشمیر کا 75 واں یوم تاسیس، کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے: پیغامات 


مظفرآباد؍ اسلام آباد (این این آئی+ اے پی پی)آزاد جموں و کشمیر کا 75واں یوم تاسیس گزشتہ روز  اس تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا۔ بھارت کے ناجائز قبضے سے جموں و کشمیر کی آزادی اور پورے علاقے کے پاکستان سے الحاق تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ مظفرآباد میں دن کا آغاز کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائوں سے کیا گیا۔ پریڈ گرائونڈ میں تقریب ہوئی۔ قائم مقام صدر آزاد  چوہدری انوار الحق، وزیر اعظم  سردار تنویر الیاس خان، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر محمد عثمان چاچڑ، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر امیر احمد شیخ اور سٹیشن کمانڈر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے آزاد  کشمیر کی حکومت اور عوام کو  مبارکباد دی ہے۔ پیر کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ جموں و کشمیر کی آزادی کا سفر ابھی جاری ہے۔ کشمیری عوام نے اپنے حق خودارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔ بھارت نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر شب خون مارا اور بھارت نے لاکھوں غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے روگردانی کی۔ بھارت کی فاشسٹ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان نے کہا ہے کہ 75 سال قبل کشمیری عوام نے لازوال قربانیوں کی بدولت آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھی، کشمیریوں نے ثابت کیا وہ ہر قیمت پر بھارت کے تسلط سے آزادی چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ اپنے آباؤ اجداد کی طرح حق خودارادیت کے جذبے سے سر شار ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گری کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 05 اگست 2019ء کے غیرقانونی اقدامات سے بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 
یوم تاسیس

ای پیپر-دی نیشن