حکمران ناکام، عوام لاوارث، افراتفری کا عالم ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام لاوارث ملک میں افراتفری کا عالم ہے۔ سیاست، معیشت، سماج اور ادارے تنزلی کا شکار، حکمران ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہو گئے۔ حکمران جماعتوں کو آج تک جو بھی مینڈیٹ ملا انہوں نے بار بار اس کی توہین کی ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ہر بار نئے نئے طریقوں سے دھوکا دیا، ان کے ارکان کا خون کیا گیا اور ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنایا گیا۔ گزشتہ سات دہائیوں سے یہی تماشا جاری ہے، کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے مفاد پرستانہ سیاست کو دفنانا ہوگا۔ عام آدمی کو اسی وقت عزت ملے گی جب وہ جاگیر داروں، وڈیروں کی بجائے اپنے درمیان میں سے اہل اور ایمان دار قیادت کو آگے لائیں گے۔ قوم بار بار پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کے دھوکہ میں نہ آئے، جماعت اسلامی کی صورت میں ان کے پاس بہترین حل موجود ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ اللہ کی مدد، نصرت اور عوامی تائید سے ملک کو اسلامی نظام دے کر تمام مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ ناظم جوکھیو، شاہ زیب اور ام رباب کے والد، دادا اور چچا کو دن دیہاڑے شہید کیا گیا۔ لواحقین کو انصاف نہیں ملا، پراسیکیوشن اور عدالتی نظام کی کمزوری کی وجہ سے طاقتور افراد کی کوئی پوچھ گچھ نہیں، غریب معمولی غلطی پر جیلوں میں سڑتے ہیں ملک میں کوئی شخص جتنا طاقتور ہے وہ اسی طاقت سے قانون و آئین کا مذاق اڑاتا ہے۔
سراج الحق