سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی سے متعلق درخواست پر رپورٹ طلب کر لی
کراچی (این این آئی) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی سے متعلق درخواست پر ایک ہفتہ میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر کمشنر کراچی محمد اقبال میمن پیش ہوگئے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق فریقین کی مشاورت سے معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ 12 افراد کے جبری گمشدگی ثابت ہوئی ہے۔6 خاندانوں کیلئے 5 لاکھ روپے کے چیکس تیار ہوچکے ہیں۔ اہم دستاویزات کی کمی کے باعث مزید چیکس تیار نہیں ہوسکے۔ ایک ہفتہ کی مہلت دی جائے تو مزید چیکس بھی تیار ہوجائیں گے۔ پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کچھ لاپتا افراد کے اہلخانہ کی دستاویزات مکمل نہیں۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کچھ افراد کے قومی شناختی کارڈ بھی بلاک ہیں۔ عدالت نے ایک ہفتہ میں کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔
سندھ ہائیکورٹ رپورٹ طلب