ضمنی الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمشن سے رجوع کرینگے: ایمل ولی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کو بے نقاب کرنے کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان سے رجوع کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق چارسدہ کے ولی باغ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن، ضمنی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی اور ان کے ووٹ کی چوری کو بے نقاب کرنے کے لیے پورے حلقہ این اے 22 کو کھولا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم این اے 24 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے لیے اساتذہ کے بجائے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تعینات کیا گیا۔اے این پی رہنما نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ہمارا مقابلہ صوبائی حکومت، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے تھا، انہوں نے الزام لگایا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کے لیے سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔
ایمل ولی