قوم فرسودہ سیاسی نظام کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرچکی :معراج خالد گجر
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر چوہدری معراج خالد گجر نے کہا ہے کہ عمران کی نااہلی کے غلط فیصلے پر پوری قوم افسردہ ہے،امپورٹڈ حکومت کی طرف سے انتقامی سیاست کا انجام جلد ان کے گھر جانے پر ختم ہو جائے گا ،حکومت کا تحریک انصاف اور قوم کو دیو ار سے لگانے کا فیصلہ سرے نہیں چڑھے گا۔ قوم نے گیارہ جماعتی اتحاد پر مسلسل عدم اعتماد کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ پنجاب کے صوبائی ایوان کے ضمنی الیکشن ہوں یا قومی اسمبلی کے حلقوں پر ضمنی الیکشن عمران کے نظریئے کیساتھ قوم کھڑی ہوئی نظر آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ پی ڈی ایم کی سیاست کیلئے امپورٹڈ حکومت کے گلے کا طوق بنے گا ۔ قوم کرپٹ اور فرسودہ سیاسی نظام کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو قوم تسلیم نہیں کررہی ۔ مضبوط معیشت کی بدولت ہی کرونا وباء کے دوران 1200 ارب روپے متاثرین میں تقسیم کئے گئے ۔