• news

پرویز الہیٰ سے سفیر یورپی یونین کی ملا قات ، چھوٹے ڈیم بنانے کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی۔ جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر اور سمال ڈیمز بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ورکرز کی فلاح و بہبود، چائلڈ لیبر کے خاتمے، انسانی حقوق اور اقلیتوں کی ویلفیئر کیلئے کیے گئے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ پرویز الٰہی نے کرونا وباء کے دوران تعاون پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ ہم یورپی یونین کے ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دو ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے۔ ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جا سکے گا بلکہ زرعی مقاصد کیلئے بھی پانی استعمال کیا جا سکے گا۔ یورپی یونین کی جانب سے ان منصوبوں کیلئے تکنیکی معاونت کا خیرمقدم کریں گے۔ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ سیلاب زدگان کیلئے این جی او اخوت کے اشتراک سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ یورپی یونین بھی سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کر سکتی ہے۔ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے۔ چائلڈ لیبرکے خاتمے کیلئے قوانین کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے۔ جیل ریفارمز کا کام میں نے اپنے سابق دور میں شروع کیا لیکن آنے والی حکومت نے اس پر کام روک دیا۔ اب دوبارہ ہم جیلوں میں قیدیوں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے کام کر رہے ہیں۔ جیل ریفارمز پیکیج کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی اور اس کا بل اسمبلی سے منظورکرایا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ پاکستان اور یورپی یونین کے ممالک کے مابین انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں۔ یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ یورپی یونین کی سفیر نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہارکیا۔یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں میں معاونت کا جائزہ لیں گے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز کے شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ پرویز الٰہی صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اچھے اقدامات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی سے اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے  امجد ثاقب کی سربراہی میں اخوت کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اخوت کے اشتراک سے کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پورا کریں گے۔ کم آمدن والے لوگوں کیلئے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضوں کے پروگرام کا ازسرنو آغاز کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے حکومت پنجاب اور اخوت کے درمیان معاہدے کی تجدید اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ذریعے800 ملین کے فنڈز کی منظوری بھی دی۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر قرضے دیئے جائیں گے۔ پرویز الٰہی نے تھانہ بستی ملوک کے علاقے میں پی ٹی آئی رہنما طاہر حمید قریشی کے قتل کیس کے ملزموں کی گرفتاری پر ملتان پولیس کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا ملتان پولیس کے متعلقہ افسروں اور اہلکاروں نے پنجاب پولیس کا نام روشن کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن